معاملہ جھارکھنڈ کے پلامو ضلع کے چاک ادے پور کا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مختلف شہروں سے چار مزدور اپنے گاؤں لوٹے تھے ، جن کو جانچ کے بعد 14 دن تک اپنے گھر میں رہنے کی ہدات دی گئی تھی ۔ لیکن وہ گھومتے ہوئے ایک دکان پر پہنچ گئے تھے۔
نئی دہلی: کورونا وائرس کی وجہ سے سماجی دوری پر عمل کرنے کے لئے کہنے پر جھارکھنڈ میں ایک دکاندار کو پیٹ-پیٹکرمار ڈالنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ بدھ کو پلامو ضلع کے چاک ادے پور کا ہے۔ 45 سالہ شخص کاشی ساؤ نے گاؤں کے چار لوگوں کو گاؤں میں گھومنے کے بجائے گھر میں کوارنٹائن رہنے کے لئے صلاح دی تھی۔
کاشی ایک کرانہ کی دکان چلاتا ہے اور یہ حملہ آور اس کی دکان پر پہنچے تھے اور پھر وہاں پر توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔ یہیں پر اس کو پیٹا گیا اور بعد میں نازک حالت میں اس کو ہاسپٹل لے جایا گیا۔ حالانکہ، شدید چوٹ آنے کی وجہ سے کاشی ساؤ نے دم توڑ دیا۔
لائیو ہندوستان کے مطابق، پلامو کے ایس پی اجئے لنڈا نے بدھ کو بتایا کہ حیدر آباد اور بنگلور سے اتوار کو اپنے گاؤں چک-ادےپور لوٹے چار مزدوروں-راجن ساؤ، آشیش ساؤ، چھوٹو ساؤ اور وکی ساؤ کی شروعاتی صحت جانچ پاٹن بلاک کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں کی گئی تھی۔ان کو 14 دن تک اپنے گھر میں کوارنٹائن رہنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ لیکن وہ منگل کی شام گاؤں میں گھومتے ہوئے کاشی ساؤ کی دکان پر پہنچ گئے۔ کاشی نے ان کو کورونا انفیکشن کا حوالہ دیتے ہوئے گاؤں میں گھومنے سے منع کیا۔ اس کو لےکر ان کے درمیان بحث ہو گئی۔
دینک جاگرن کے مطابق، دوسرے دن منجھی گاؤ ں پنچایت کی مکھیا روداوتی کے شوہر سابق نائب مکھیا پردیپ یادو نے 24 مارچ کی صبح دونوں فریق کے درمیان سمجھوتہ کرایا۔ اس کے باوجود تنازعہ نہیں تھما۔ آخر میں معاملہ تھانہ پہنچا۔ کاشی ساؤ کا بھتیجا کرشنا ساؤ، انل ساؤ اور بیٹا راکیش ساؤ نے منگل کو پنڈوا تھانہ میں تنازعہ کی تحریری جانکاری دی۔
اسی دن شام میں رویندر ساؤ، کنج بہاری ساؤ، جتیندر ساؤ، وکی ساؤ، چھوٹو ساؤ، گڈو ساؤ، راجیش ساؤ، منوج ساؤ اور وجے ساؤ نے کاشی ساؤ سمیت ان کی فیملی پر حملہ کر دیا۔مارپیٹ میں کاشی ساؤ بری طرح زخمی ہو گئے، جن کو پی ایم سی ایچ میں بھرتی کرایا گیا۔ جہاں علاج کے دوران بدھ کی صبح ان کی موت ہو گئی۔ اس واقعہ میں کاشی ساؤ اور بیٹا راکیش کے علاوہ راجندر ساؤ اور بہاری ساؤ شدیدطور پر زخمی ہو گئے۔
وہیں، کاشی ساؤکا بھتیجا کرشنا پرساد نے تھانہ میں ایک خاتون سمیت 13 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ ایس پی نے بتایا کہ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرکے تفتیش کی جا رہی ہے۔
بتا دیں کہ کورونا وائرس کے بڑھتے بحران کے مدنظر وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ 24 مارچ کی آدھی رات سے ملک بھر میں 21 دنوں کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔ اس دوران کسی کو بھی باہر نہیں نکلنے اور گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔