دہلی پولیس کے حکم کے مطابق اس بیچ دہلی میں کسی بھی طرح کا مظاہرہ یا کہیں پر جمع ہونے پر مکمل طور سے پابندی ہوگی۔
نئی دہلی: دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال میں راجدھانی میں 31 مارچ تک کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ کل یعنی کہ 23 مارچ کو صبح چھ بجے سے 31 مارچ کو رات 12 بجے تک پوری دہلی بند رہے گی۔
کیجریوال نے کہا کہ دہلی میں سبھی گھریلو فلائٹس کو بند کر دیا گیا ہے۔ اس بیچ پرائیویٹ بسیں، آٹو، ای رکشا سمیت کسی بھی گورنمنٹ ٹرانسپورٹ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دہلی کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضروری خدمات کے لیے دہلی میں 25 فیصدی ڈی ٹی سی کی بسیں چلتی رہیں گی۔
اس کے ساتھ ہی دہلی میں سبھی پرائیویٹ آفس بند رہیں گے۔ کیجریوال نے کہا کہ سبھی اہلکاروں کو آن ڈیوٹی مانا جائےگا اور انہیں پوری سیلری دی جائے گی۔
دہلی میں کورونا انفیکشن کے کل 27 معاملے سامنے آئے ہیں جس میں سے ایک شخص کی موت ہو چکی ہے۔ کیجریوال نے کہا کہ اس میں سے 21 لوگ باہر سے آئے تھے اور باقی کے چھ لوگوں کو کسی اور سے انفیکشن ہوا ہے۔
معلوم ہو کہ دہلی سے پہلے راجستھان اور پنجاب نے 31 مارچ تک کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔اس کے علاوہ دہلی پولیس کمشنر ایس این شریواستو نے کورونا وائرس کے انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اتوار کی رات نو بجے سے 31 مارچ تک کے لیےقومی راجدھانی میں سی آر پی سی کی دفعہ 144 لگا دی ہے۔ اس کے تحت کسی جگہ پر چار سے زیادہ لوگ اکٹھا نہیں ہو سکتے ہیں۔
ٹائمس آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، دہلی پولیس کے حکم کے مطابق اس بیچ دہلی میں کسی بھی طرح کا مظاہرہ یا کہیں پر جمع ہونے پر مکمل طور سے پابندی ہوگی۔
حکم میں کہا گیا، ‘سبزیاں، پھل اور ضروری سامانوں کے بازار کے علاوہ کنسرٹ، نمائش، گروپ ٹور وغیرہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔’ اس میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص اس کی خلاف ورزی کرتے پایا جاتا ہے تو اسے دفعہ 188 کے (عوامی حکم کی خلاف ورزی) تحت سزا دی جائےگی۔
معلوم ہو کہ دہلی سمیت ملک کی دیگر ریاستوں میں لگاتار کورونا وائرس کے معاملے بڑھ رہے ہیں۔ تازہ اپ ڈیٹ کے مطابق ابھی تک ملک میں اس سے کل سات لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور کل متاثرین کی تعداد 370 ہو گئی ہے۔
مرکزی حکومت نے کورونا وائرس سے متاثر لوگوں کی تصدیق کرنے والے ملک کے 75 ضلعوں میں لاک ڈاؤن کا اعلان کرنے کو کہا ہے۔ ان ضلعوں میں صرف بےحد ضروری خدمات کی ہی اجازت دی جائے گی۔
اس کے علاوہ 31 مارچ تک سبھی مسافر ٹرینیں اور سبھی میٹرو ریل خدمات کو بند کر دیا گیا ہے۔ اتوار کو ریاستوں کے چیف سکریٹری کے ساتھ کابینہ سکریٹری کی صدارت میں ہوئی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس میٹنگ میں وزیراعظم نریندر مودی کے چیف سکریٹری بھی موجود تھے۔