چھتیس گڑھ کے بلاس پور کی نو منتخب میئر، بی جے پی کی پوجا ودھانی نے حلف برداری کی تقریب کے دوران ‘سمپربھتا’ (خودمختاری) کے بجائے ‘سامپردائکتا’ (فرقہ واریت) کا لفظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں ہندوستان کی فرقہ واریت اور سالمیت کو برقرار رکھوں گی۔’ اس غلطی کی وجہ سے انہیں دو بارہ صحیح الفاظ کے ساتھ حلف اٹھانا پڑا۔
بلاس پور کی میئر پوجا ودھانی۔ (تصویر: سوشل میڈیا ویڈیو اسکرین گریب)
نئی دہلی: بلاس پور کی نومنتخب میئر پوجا ودھانی کو اس وقت شرمناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب حلف برداری کی تقریب کے دوران ان کی زبان پھسل گئی اور وہاں موجود لوگ ایک دوسرے کو دیکھنے لگے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، جمعہ کو حلف لیتے ہوئے ودھانی نے غلطی سے ‘سمپربھتا’ (خودمختاری) کے بجائے ‘سامپردائکتا؛ (فرقہ واریت) کا لفظ استعمال کیا۔ تاہم، حکام نے فوراً انہیں درست کیا۔
ودھانی نے کہا، ‘میں ہندوستان کی فرقہ پرستی اور سالمیت کو برقرار رکھوں گی۔’ کلکٹر نے اس کے بعد اسے درست کرنے کے لیے مداخلت کی، حالانکہ وہ حلف اٹھاتی رہیں۔
یہ واقعہ منگیلی ناکہ گراؤنڈ میں حلف برداری کی تقریب کے دوران پیش آیا، جس میں نائب وزیر اعلیٰ ارون ساو اور مرکزی وزیر توکھن ساہو بھی موجود تھے۔ بلاس پور کے کلکٹر اونیش کمار شرن نے ودھانی اور 70 کونسلروں کو حلف دلایا۔
شروعاتی الجھن کے باوجود ودھانی نے حلف اٹھانا جاری رکھا، لیکن اس غلطی کی وجہ سے انہیں دوسری بار صحیح الفاظ کے ساتھ حلف اٹھانا پڑا۔
بلاس پور میئر کے انتخاب میں بی جے پی نے شاندار جیت درج کی
حکمراں بی جے پی نے ریاست میں حال ہی میں ہونے والے میونسپل باڈی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ اس نے تمام دس میونسپل کارپوریشنوں میں میئر کے عہدے جیت لیے۔ 49 میونسپل کونسلوں میں صدر کے عہدوں میں سے بی جے پی نے 35، کانگریس نے آٹھ اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے ایک جبکہ آزاد امیدواروں نے پانچ پر قبضہ کیا۔
اسی طرح، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 114 نگر پنچایتوں میں سے 81 میں صدر کا عہدہ جیتنے میں کامیاب رہی۔
دوسری طرف کانگریس پارٹی نے 22 بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے ایک نشست جیتی، جبکہ آزاد امیدواروں نے 10 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
وارڈ کونسلروں کے کل 3200 عہدوں میں سے بی جے پی نے 1868، کانگریس نے 952 اور دیگر جماعتوں اور آزاد امیدواروں نے 380 عہدوں پر کامیابی حاصل کی۔