ان زمروں کے لیے لوک سبھا اور اسمبلی میں ریزرویشن کی مدت 25 جنوری 2020 کو ختم ہونے والی تھی۔ حکومت ریزرویشن کی میعاد بڑھانے کے لیے اس سیشن میں ایک بل لائے گی۔
نئی دہلی: مرکزی کابینہ نے لوک سبھا اور ریاستی اسمبلی میں ایس سی ایس ٹی کے لیے ریزرویشن کی مدت کو اور 10 سال کے لیے بڑھانے سے متعلق تجویز کو بدھ کو منظوری دے دی۔ اعلیٰ عہدے داروں نے یہ جانکاری دی۔ان زمروں کے لیے لوک سبھا اور ریاستی اسمبلی میں ریزرویشن کی مدت 25 جنوری 2020 کو ختم ہونے والی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ حکومت ریزرویشن کی میعاد بڑھانے کے لیے اس سیشن میں ایک بل لائے گی۔
ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ قانون ساز اسمبلی میں ایس سی ایس ٹی کے لیے ریزرویشن آئینی ترمیموں کے ذریعے کیا جاتا ہے جبکہ ان زمروں کے لیے نوکریوں میں اس طرح کا ریزرویشن دینے کا فیصلہ متعلقہ ریاستی حکومتیں کرتی ہیں۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اینگلو انڈین کمیونٹی کے لیے بھی ریزرویشن بڑھایا گیا ہے، مرکزی وزیر پرکاش جاویڈکر نے کہا کہ ایک بار بل پیش ہونے کے بعد اس کی تفصیل پتہ چل جائے گی۔وزیر نے کہا کہ پارلیامنٹ میں ایس سی سے 84 اور ایس ٹی کمیونٹی سے 47 ممبر ہیں۔پورے ہندوستان میں ریاستی اسمبلی میں 614 ایس سی ممبر اور 554 ایس ٹی ممبر ہیں۔
اینگلو انڈین کمیونٹی کے دو ممبروں کو لوک سبھا میں نامزد کرنے کا اہتمام ہے ،لیکن لوک سبھا ویب سائٹ کے مطابق،ان کو ابھی تک نامزد نہیں کیا گیا ہے۔ لوک سبھا میں 4 دسمبر تک اسپیکر سمیت کل 543 ممبر ہیں۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)