مختلف ریاستوں کی 51 اسمبلی سیٹوں پر 21 اکتوبر کو ضمنی انتخاب ہونے والے ہیں۔ اسی دن ہریانہ اور مہاراشٹر میں بھی ریاستی اسمبلی انتخاب ہونے ہیں۔
نئی دہلی: بی جے پی نے ملک کی مختلف ریاستوں میں 38 اسمبلی سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے لئے 38 امیدواروں کے ناموں کا گزشتہ اتوار کو اعلان کیا۔ ان سیٹوں پر 21 اکتوبر کو ضمنی انتخاب ہونے والے ہیں۔ پارٹی نے گجرات ضمنی انتخاب میں کانگریس کے سابق ایم ایل اے الپیش ٹھاکور کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
2017 میں کانگریس کے ٹکٹ پر چنے گئے ٹھاکور نے بی جے پی میں شامل ہونے کے لئے ایم ایل اے کے عہدے سے گزشتہ جولائی مہینے میں استعفیٰ دے دیا تھا۔ وہ اب رادھن پور سے انتخاب لڑیںگے، اسی سیٹ پر انہوں نے پہلے بھی جیت حاصل کی تھی۔ کانگریس چھوڑ چکے ایک اور رہنما دھول سنگھ جالا بی جے پی کے ٹکٹ پر باید سے الیکشن لڑیںگے۔
ٹھاکور 2015 میں ہاردک پٹیل کی قیادت والے پاٹیدار آندولن کے وقت چرچہ میں آئے تھے۔ اس وقت انہوں نے او بی سی کمیونٹی کے مدعوں کو اٹھانے والے گجرات چھتریہ ٹھاکور سینا کے علاوہ او بی سی، ایس سی ایس ٹی ایکتا منتر کی تشکیل کی تھی۔ گجرات میں او بی سی رہنما کے طور پر ابھرنے کے بعد الپیش ٹھاکور 2017 کے ریاستی اسمبلی انتخاب سے پہلے کانگریس میں شامل ہو گئے تھے اور پاٹن ضلع کی رادھنپور اسمبلی سیٹ سے جیت درج کرنے میں کامیاب رہے تھے۔
بی جے پی دفتر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق، بھارتیہ جنتا پارٹی کی سینٹرل الیکشن کمیٹی نے ان ناموں کو آخری صورت دی۔ ان 38 سیٹوں میں سے 10 سیٹیں اتر پردیش، چھ سیٹیں گجرات، پانچ سیٹیں کیرل، چار سیٹیں آسام، دو-دو سیٹیں ہماچل پردیش، پنجاب اور سکم اور ایک -ایک سیٹ بہار، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، میگھالیہ، اڑیسہ، راجستھان اور تلنگانہ سے ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ملک کی مختلف ریاستوں کی 51 اسمبلی سیٹوں پر 21 اکتوبر کو ضمنی انتخاب ہونے والے ہیں۔ اسی دن ہریانہ اور مہاراشٹر میں بھی ریاستی اسمبلی انتخاب ہونے ہیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی باقی سیٹوں پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان جلد کرےگی۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)