ممبئی کے کلینا علاقے کا معاملہ۔ پولیس نے ایپڈیمک ڈزیز ایکٹ کے تحت نامعلوم بائیکر کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ دہلی میں گزشتہ مارچ میں منی پور کی ہی ایک خاتون کو کو رونا کہہ کر اس پر ایک نوجوان نے پان تھوک دیا تھا۔
منی پور کی خاتون کے کپڑوں پر تھوک کے نشان(فوٹو: فیس بک)
نئی دہلی: ممبئی کے شانتاکروز کے کلینا علاقے میں سوموار کو ایک نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے ایک منی پوری خاتون پر اس وقت تھوک دیا جب وہ سڑک پر پیدل جا رہی تھی۔پولیس نے یہ جانکاری دی۔ یہ واقعہ تب ہوا جب 25 سالہ خاتون اپنے ایک دوست کے ساتھ ملٹری کیمپ کی طرف جا رہی تھی، جہاں ضروری سامان تقسیم کیے جا رہے تھے۔
خاتون نے اپنی شکایت میں الزام لگایا کہ بائیکر نے اپنا ماسک ہٹایا اور تھوک کر بھاگ گیا۔وکولا تھانے کے ایک افسرنے خاتون کی شکایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ‘اس طرح کی حرکت سے مجھے کو رونا وائرس انفیکشن ہو سکتا ہے۔ میں بائیک کا نمبر نوٹ نہیں کر سکی۔’
پولیس ملزم کا پتہ لگانے کے لیے آس پاس کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کھنگال رہی ہے۔
ہندستان ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق، سوشل میڈیا پر معاملہ سامنے آنے کے بعد ممبئی پولیس کمشنر نے مقامی پولیس تھانے کو بائیکر کے خلاف کیس درج کرنے کی ہدایت دی۔ پولیس تھانے کے ایک افسر نے بتایا کہ ایپڈیمک ڈزیز ایکٹ کے تحت بائیکر کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے۔
ہندستان ٹائمس سے بات چیت میں خاتون نے کہا، ‘میں نے ماسک اور ٹوپی پہن رکھی تھی۔ میں حیران ہوں کہ ایسا کیا ہوا جس کی وجہ سے اسے ایسا کرنا پڑا۔’انہوں نے کہا، اگر اس واقعہ کا کو رونا وائرس سے کچھ لینا دینا ہے تو میں نہیں جانتی، لیکن ہماری کمیونٹی امتیازی سلوک کا سامنا کرتی ہے۔ کچھ نام ہیں، جن سے ہمیں پکارا جاتا ہے اور کچھ ہمیں چڑھاتے ہیں۔
دریں اثناکو رونا وائرس وبا کے بیچ ممبئی کی کلینا مارکیٹ میں ایک بدمعاش کے ذریعے نارتھ- ایسٹ کی لڑکی پر تھوکے جانے کے معاملے کو نیشنل وومین کمیشن نے اپنی جانکاری میں لیا ہے اور اس کو نسلی تعصب کا معاملہ بتایا ہے۔کمیشن نے کہا کہ وہ مناسب کارروائی کے لیے معاملے کو دیکھےگی۔ کمیشن نے ایک ٹوئٹ میں کہا، کو رونا وائرس مہاماری کے بیچ نسلی تعصب کا ایک اور معاملہ۔ ممبئی کے کلینا مارکیٹ میں ایک بدمعاش نے نارتھ- ایسٹ کی ایک لڑکی پر تھوک دیا۔کمیشن مناسب کارروائی کے لیے اس معاملے کو دیکھےگی۔
کمیشن کو فیس بک پر ایک پوسٹ میں ٹیگ کیا گیا ہے جس میں بائیک سوار نارتھ- ایسٹ کی لڑکی پر تھوک رہا ہے۔واضح ہو کہ اسی طرح کا ایک معاملہ مارچ میں دہلی میں سامنے آیا تھا۔ دہلی کے وجئے نگر علاقے میں دہلی یونیورسٹی سے ایم فل کر رہی منی پور کی ہی ایک خاتون کو
کو رونا کہتے ہوئے اس پر پان تھوکا گیا تھا۔دہلی پولیس نے اس معاملے میں ملزم گرفتار کر لیا تھا۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)