بہار کے کیمور ضلع کے بھبھوآ شہر کا معاملہ۔کاؤنسلر کے بیٹے پر ایک نوجوان کو گولی مار کر قتل کرنے الزام تھا۔ واقعہ کے بعد کشیدگی کا ماحول۔
نئی دہلی: بہار کے کیمور ضلع کے بھبھوآ شہر میں کاؤنسلر کے بیٹے نے ایک شخص کو مبینہ طور پر گولی مار کر قتل کر دیا ۔ اس واقعہ کے بعد بھیڑ کے ذریعے پولیس کے سامنے کاؤنسلر کے بیٹے کو جم کر پیٹنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بھیڑ اس دوران مبینہ طور پر جئے شری رام کا نعرہ بھی لگا رہی تھی۔یہ واقعہ گزشتہ 2 اکتوبر کا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ آپسی رنجش میں نوجوان کو گولی ماری گئی تھی۔
پربھات خبر کی رپورٹ کے مطابق،جائے واردات پو موجود لوگوں نے نوجوان کو گولی مارنے کے الزام میں بھبھوآ شہر کے ایک وارڈ کاؤنسلر کے بیٹے کو پکڑ کر اس کی زبردست پٹائی کر دی۔معاملے کی اطلاع پر پہنچی پولیس نے گولی مارے جانے سے زخمی نوجوان کے ساتھ لوگوں کی پٹائی سے زخمی ہوئے وارڈ کاؤنسلر کے بیٹے کو علاج کے لیے صدر ہاسپٹل پہنچایا۔
مرنے والے کی شناخت بھبھوآ تھانہ حلقہ کے سکٹھی گاؤں کے باشندے سبھاش سنگھ کے بیٹے مادھو سنگھ عرف مادھو کے طور پر ہوئی ہے۔
دینک جاگرن کی رپورٹ کے مطابق،نوجوان کے قتل اور مشتعل لوگوں کے ذریعے تشدد کرنے کے معاملے میں دو کیس درج کرائے گئے ہیں۔ بھیڑ کے ذریعے تشدد کے بارے میں ایک کیس بھبھوآ تھانے کی طرف سے، جبکہ دوسرا کیس مرنے والے کے رشتہ داروں کے ذریعے درج کرایا گیا ہے۔
دینک جاگرن نے اپنی ایک دوسری رپورٹ میں زخمی ملزم نوجوان کو بھبھوآ شہر کے وارڈ 10 کے باشندے بدرالدین راعین بیٹا شاہد راعین بتایا ہے۔
انڈیا ٹو ڈےکی رپورٹ کے مطابق،سوشل میڈیا پر واقعہ سے جڑا مبینہ ویڈیو وائرل ہوا ہے، جس میں بھیڑ جئے شری رام کا نعرہ لگاتے ہوئے ملزم کاؤنسلر کے بیٹے کو بے رحمی سے پیٹتے ہوئے نظر آ رہی ہے۔
آج تک کی رپورٹ کے مطابق،ویڈیو میں ایک نوجوان قتل کے ملزم کاؤنسلر کے بیٹے کے سینے پر چڑھا ہوا ہے اور اس کے بال پکڑ کر مکوں سے اس کو مار رہا ہے۔اس کے بعد دوسرا نوجوان اس کے سینے پر چڑھ جاتا ہے۔ اتنا ہی نہیں نوجوان کی پٹائی کے بعد ایک نوجوان جئے شری رام کا نعرہ لگاتا ہے۔ ویڈیو میں ایک پولیس والا بھی نظر آ رہا ہے۔
انڈیا ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق،کاؤنسلر کے بیٹے کو جم کر پیٹنے کے بعد بھی لوگوں کا غصہ ٹھنڈا نہیں ہوا اور انھوں نے صدر ہاسپٹل پہنچ کر وہاں بھی توڑ پھوڑ کی ۔یہیں پر ملزم نوجوان کا علاج چل رہا تھا۔حالات بگڑنے لگے تو کیمور ایس پی نے لوگوں سے قانون ہاتھ میں نہ لینے کی اپیل کی۔ حالانکہ بھیڑ نے اس کے بعد بھی تشدد جاری رکھا۔
نیوز 18 کی رپورٹ کے مطابق،واقعہ کے بعد بھبھوآ میں کشیدگی کا ماحول ہے۔ ایس پی اور ڈی ایم نے شہر میں فلیگ مارچ کر لوگوں سے امن و امان بنائے رکھنے کی اپیل کی ہے۔