
اس بار بہار میں انتخابات دو مرحلوں میں ہوں گے۔ ووٹنگ 6 اور 11 نومبر کو ہوگی اور گنتی 14 تاریخ کو ہوگی۔ یہ اعلان چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے سوموار (6 اکتوبر) کو منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار، الیکشن کمشنر سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی کے ساتھ، 6 اکتوبر کو بہار اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے۔ (تصویر: الیکشن کمیشن کی پریس کانفرنس سے اسکرین گریب)
نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے 2025 میں ہونے والے بہار اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ووٹنگ 6 اور 11 نومبر کو ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے متنازعہ اسپیشل انٹینسو ریویژن (ایس آئی آر) کے بعد ووٹر لسٹ شائع کرنے کے چھ دن بعد انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا۔ دو مرحلوں میں ہونے والا یہ الیکشن بہار کا اب تک کا سب سےکم وقت تک چلنے والا الیکشن ہوگا۔
بہار کے انتخابات کو ‘تمام انتخابات کی ماں’ قرار دینے والے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے سوموار (6 اکتوبر) کو ایک پریس کانفرنس میں تاریخوں کا اعلان کیا۔
اعلان سے قبل ہی میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ مرحلہ وار تعداد میں کمی کا فیصلہ سیاسی جماعتوں کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ انڈین ایکسپریس نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ ہفتے کے آخر میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ میٹنگ میں حکمراں این ڈی اے نے سنگل فیز الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا، جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے دو مرحلوں میں الیکشن کرانے کی سفارش کی تھی۔
معلوم ہو کہ بہار میں اسپیشل انٹینسو ریویژن (ایس آئی آر) کے بعد جاری حتمی ووٹر لسٹ میں ریاست میں رائے دہندگان کی تعداد میں تقریباً 6فیصد کی کمی آئی ہے۔
لیکن چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے اتوار (5 اکتوبر) کو ایک پریس کانفرنس میں یہ واضح نہیں کیا کہ ووٹر لسٹ سے تقریباً 47 لاکھ ناموں کو حذف کرنے کی وجوہات کیا ہیں یا ایس آئی آرمیں کتنے غیر ملکی ‘غیر قانونی تارکین وطن’ پائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ فہرست سے ہٹائے گئے ناموں میں غیر ہندوستانی شہری، متوفی افراد، ایک سے زیادہ جگہوں پر رجسٹرڈ ووٹرز اور مستقل طور پر شفٹ ہونے والے افراد شامل ہیں۔