یہ معاملہ نوادہ ضلع کے ایک گاؤں کا ہے۔ ملزم مبینہ طور پر بچی کو چاکلیٹ دینے کے وعدے پر اپنے پولٹری فارم لے گیا اور اس کے ساتھ ریپ کیا۔ اس کے بارے میں پنچایت نے یہ کہتے ہوئے کہ وہ ریپ کا قصوروار نہیں ہے ، اسے بچی کو ایک سنسان جگہ پر لے جا نے کی سزا دی۔
نئی دہلی: بہار کے نوادہ ضلع میں پانچ سالہ بچی کے ساتھ ریپ کرنے والے ملزم کو اٹھک بیٹھک کرواکر چھوڑ دینے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس واقعےکا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اس پر کارروائی کی گئی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق، واقعہ نوادہ ضلع کے ایک گاؤں کا ہے۔ ملزم مبینہ طور پر لڑکی کو چاکلیٹ دینے کے وعدے پر اپنے پولٹری فارم لے گیا اور اس کے ساتھ ریپ کیا۔
اس کے بعد اسے پکڑ کر پنچایت کے سامنے پیش کیا گیا۔ پنچایت میں بزرگوں نے فیصلہ کیا کہ وہ شخص ریپ کا قصوروار نہیں ہے۔ انہوں نے صرف اسے بچی کو ایک سنسان جگہ پر لے جانے کی سزا دی۔
پنچایت کے وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ بیٹھے ہیں اور شال اوڑھے ایک شخص اٹھک بیٹھک کر رہا ہے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، یہ واقعہ نوادہ ضلع کے اکبر پور بلاک کے قنوج گاؤں میں پیش آیا اور ملزم کی شناخت ارون پنڈت کے طور پر کی گئی ہے جو گاؤں میں ہی پولٹری فارم چلاتا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملزم نے فارم میں ہی بچی کے ساتھ ریپ کیا۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر اس واقعے کی شدید طور پرتنقید کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا، پولیس سپرنٹنڈنٹ گورو منگلا نے کہا کہ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور ملزمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ پولیس ان لوگوں کی بھی تفتیش کر رہی ہے جنہوں نے واقعہ کو چھپانے کی کوشش کی۔