فیکٹ چیک: بی جے پی کے ویڈیو میں نظر آنے والی خراب سڑکیں ہریانہ کی ہیں، دہلی کی نہیں

01:36 PM Jan 15, 2025 | دی وائر اسٹاف

بی جے پی نے دہلی کی سڑکوں کی خستہ حالی کا ویڈیو جاری کرکے عام آدمی پارٹی کی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ آلٹ نیوز کے فیکٹ چیک میں سامنے آیا ہے کہ بی جے پی کے ویڈیو میں دکھائی جانے والی سڑکیں دہلی کی نہیں ہیں، بلکہ فرید آباد، ہریانہ کی ہیں، جہاں بی جے پی اقتدار میں ہے۔

بی جے پی کے اشتہار کا اسکرین گریب (بائیں) آلٹ نیوز کا فیکٹ چیک (دائیں)

نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات-2025 کی تاریخ کا اعلان ہو چکا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی سیاسی جماعتوں کے درمیان الزام تراشیوں  کا دور بھی شروع ہوچکا ہے ۔ بی جے پی نے دہلی میں حکمراں عام آدمی پارٹی پر حملہ کرتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کیا ہے ۔ ویڈیو میں سڑکوں کی خستہ حالت اور گڑھے دکھاتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ سڑکیں دہلی کی ہیں۔

بی جے پی نے اس ویڈیو کو اپنے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈل پر شیئر کرتے ہوئےلکھا ہے ، ‘ گڑھوں میں سڑک  یا سڑک میں گڑھے نہیں چلتا پتہ ، چننے میں ہوئی بھول سے آئی یہ آپ – دا (مصیبت)! اب نہیں سہیں گے ، بدل  کے رہیں گے۔ ‘ ( آرکائیو لنک )

بی جے پی دہلی کے آفیشیل سوشل میڈیا ہینڈل پر اس ویڈیو کو پوسٹ کرتے ہوئے خراب سڑکوں کے لیے عام آدمی پارٹی کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے ۔ ( آرکائیو لنک )

کہاں کی سڑک؟

آلٹ نیوز نے بی جے پی کے اس ویڈیو کی پڑتال کی ہے۔ جس کے مطابق،  بی جے پی نے گڑھوں اور کیچڑ سے بھری جس سڑک کا ویڈیو پوسٹ کرکے عام آدمی پارٹی کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ ویڈیو دراصل ہریانہ کے فرید آباد میں شوٹ کیا گیا ہے، جہاں بی جے پی کی حکومت ہے۔

پڑھیں آلٹ نیوز کی پڑتال؛

بی جے پی کے اس ویڈیو میں ایک بورڈ دکھایا گیا ہے جس پر ‘ٹھاکر ادے پال دھرم شالہ’ لکھا ہوا ہے۔ گوگل میپس پر ادے پال دھرم شالہ کو تلاش کرنے سے اس کا مقام بی جے پی مقتدرہ ہریانہ کے فرید آباد میں نظر آتا ہے۔ گوگل اسٹریٹ ویو میں اس جگہ کی تصویر دیکھنے کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ یہ وہی جگہ ہے جو بی جے پی کے ویڈیو میں دکھائی گئی ہے۔ ( لوکیشن کو آرڈینیٹ)

ویڈیو کے پہلے فریم میں نظر آنے والی کیچڑبھری ٹوٹی سڑک فرید آباد، ہریانہ کی اسی  گلی کی تصویرہے جہاں ٹھاکر ادے پال دھرم شالہ واقع ہے۔ ( لوکیشن کو آرڈینیٹ)

اوپر کی دونوں تصویروں کو غور سے دیکھنے پرپتہ چلتا ہے کہ گلی کے آخر میں نظر آنے والا گھر ایک ہے (نیچے سرخ دائرے میں) اور پروموشنل ویڈیو میں جہاں سے آٹو مڑتا ہے وہ گلی  گوگل اسٹریٹ ویوپر بھی نظر آتی ہے۔ (نیچے پیلے رنگ کے نشان)

ہم نے ویڈیو کے اس فریم کو بھی چیک کیا، یہ بھی گوگل اسٹریٹ ویو پر ٹھاکر ادے پال دھرم شالہ کی گلی سے بھی میل کھاتا ہے۔ ( لوکیشن کو آرڈینیٹ)

ویڈیو میں جس جگہ پر پانی جمع ہوا ہے وہ بھی ہریانہ کے فرید آباد میں ہے جو ٹھاکر ادے پال دھرم شالہ سے 500 میٹر دور ہے۔ (لوکیشن کو آرڈینیٹ)

نوٹ: گوگل اسٹریٹ ویو سے لی گئی تصویر 2022 کی ہے، اور ویڈیو 2025 میں بنایا گیا ہے، اس لیے سڑکوں اور عمارتوں کی حالت میں معمولی فرق ہوسکتا ہے۔