اب اتراکھنڈ میں کانوڑ روٹ کے دکانداروں سے دکانوں پر اپنا نام لکھنے کو کہا گیا

اتراکھنڈ پولیس نے ہری دوار میں کانوڑ یاترا کے دوران سڑک کنارے ٹھیلوں سمیت کھانے پینے کی دکانوں سے اپنے مالکان کا نام لکھنے کو کہا ہے۔ اس سے قبل اتر پردیش پولیس بھی اس طرح کے احکامات جاری کر چکی ہے۔

اتراکھنڈ پولیس نے ہری دوار میں کانوڑ یاترا کے دوران سڑک کنارے ٹھیلوں سمیت کھانے پینے کی دکانوں سے اپنے مالکان کا نام لکھنے کو کہا ہے۔ اس سے قبل اتر پردیش پولیس بھی اس طرح کے احکامات جاری کر چکی ہے۔

کانواڑ یاترا کی علامتی تصویر۔ (تصویر بہ شکریہ: اے این آئی)

کانواڑ یاترا کی علامتی تصویر۔ (تصویر بہ شکریہ: اے این آئی)

نئی دہلی: اتراکھنڈ کے ہری دوار میں پولیس نے کانوڑ یاترا کے دوران ٹھیلوں سمیت سڑک کنارے اسٹالوں اور کھانے پینے کی دکانوں کواپنے مالکان  کا نام لکھنے کو کہا ہے، تاکہ یاترا کے دوران ہونے والے تنازعے سے بچا جا سکے۔ غور طلب ہے  کہ اس سے پہلے اتر پردیش کے اضلاع میں پولیس کی جانب سے اسی طرح کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ہری دوار کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پرمیندر ڈوبھال نے کہا، ‘کانوڑ یاترا کے دوران دکانوں پر مالک کا نام نہ لکھے جانے کی وجہ سے اکثرجھگڑے ہوجاتے ہیں۔ کئی بار یاتری  اس پر اعتراض کرتے ہیں۔ اس پر قابو پانے کے لیے روٹ پر آنے والی تمام دکانوں، ریستوران، ہوٹل، ڈھابوں اور ریہڑی پٹری والوں کا ہری دوار پولیس سے تصدیق کیا جائے گا۔ ہم مالکان کے نام واضح طور پر ظاہر کرنے پر بھی زور دے رہے ہیں۔کیو آر  کوڈ میں بھی اس کا ذکرہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ ضلع کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کئی میٹنگوں کے بعد کیا گیا ہے۔ ضلع پولیس کی طرف سے جاری  ایک بیان کے مطابق، ایس ایس پی ہری دوار نے جمعرات کو گزیٹیڈ افسران کو دیے گئے کاموں کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی۔

بیٹھک کے دوران حکام کو ہائی وے پر واقع ہوٹلوں، ڈھابوں اور کھانے پینے کی دکانوں کا معائنہ کرنے اورریٹ لسٹ کو  کیو آر کوڈ میں ریٹ لسٹ شامل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اس کے علاوہ ہائی وے پر پارکنگ اور بجلی کی فراہمی کے مناسب انتظامات کرنے کے ساتھ ہی دکانیں قائم کرنےکی بھی ہدایات دی گئیں۔ پولیس فورس کی تعیناتی، ضروری اشیاء اور آلات، ڈرون کی دستیابی اور آپریٹر کے رابطے کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایک اور بیان میں بھگوان پور پولیس اسٹیشن نے کہا کہ آنے والی یاترا کے پیش نظر ہوٹل اور ڈھابہ کے مالکان/آپریٹرز کے ساتھ میٹنگ کی گئی اور انہوں نے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

بیٹھک میں جاری کردہ ہدایات میں ہوٹلوں اور ڈھابوں میں گوشت، انڈے، لہسن اور پیاز کے استعمال پر پابندی، شراب اور نشہ آور اشیاء کے استعمال پر پابندی، اشیائے خوردونوش کی ریٹ لسٹ نمایاں طور پر آویزاں کرنا اور ادائیگی کے لیے آپریٹرز کے  نام کا کیو آر کوڈ یقینی کرنا شامل  ہے۔

معلوم ہو کہ اتر پردیش کے مظفر نگر میں کانوڑ یاتریوں کے درمیان الجھن اور تذبذب کو روکنے کے لیے پولیس نے ضلع میں کانوڑ یاترا کے راستے پر واقع ہوٹلوں، ڈھابوں اور کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والی دیگر دکانوں کو  ان کے مالکان اور ملازمین کے نام اپنی اپنی دکانوں کے باہر لکھنے کو کہا ہے۔

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھکتوں  کے ’احترام‘ میں اس سال ریاست میں کانوڑ یاترا کے راستوں پر گوشت کی کھلے عام فروخت اور خریداری پر  پابندی لگا دی ہے  ۔