وزیر اعظم مودی کی مسلسل تنقید کرنے والے ایکٹر پرکاش راج نے آئندہ لوک سبھا انتخاب لڑنے کا اعلان کیا

04:41 PM Jan 08, 2019 | دی وائر اسٹاف

غور طلب ہے کہ پرکاش راج لمبے وقت سے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی قیادت والی حکومت کی تنقید کرتے آرہے ہیں ۔

پرکاش راج ،فوٹو: ٹوئٹر

نئی دہلی : نیشنل ایوارڈ یافتہ فلم ایکٹر پرکاش راج نے آئندہ لوک سبھا انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کر کے اس کی جانکاری دی ہے ۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ،سب کو نئے سال کی مبارکباد، ایک نئی شروعات زیادہ ذمہ داریوں کے ساتھ۔آپ سب کی حمایت میں ایک آزاد امیدوار کے طور پر آئندہ لوک سبھا الیکشن لڑنے جارہا ہوں ۔ لوک سبھا سیٹ کے بارے میں جلد ہی جانکاری دوں گا۔ اس ٹوئٹ میں انہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ  اب کی بار جنتا کی سرکار۔

غور طلب ہے کہ پرکاش راج لمبے وقت سے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی قیادت والی حکومت کی تنقید کرتے آرہے ہیں ۔ پچھلے وقتوں میں انہوں نے کئی مدعوں پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا یا ہے۔ گزشتہ مہینے پانچ ریاستوں میں اسمبلی الیکشن کے نتائج کو لے کر بھی انہوں نے بی جے پی کو طنز کا نشانہ بنایا تھا۔ اس وقت انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا تھا ۔ لوگوں کے من کی بات ، انتخاب در انتخاب ،وجہ آپ سب کو معلوم ہے ۔ اس انتخاب میں بی جے پی نے راجستھان ،چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں اپنی حکومت گنوائی تھی ۔

انہوں نے اس پہلے جنوری 2018 میں یہ بھی کہا تھا کہ وہ ہندو مخالف نہیں بلکہ نریندر مودی مخالف ہیں ۔ پرکاش راج کا دعویٰ ہے کہ جب انہوں نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے کی شروعات کی تو ہندی سنیما کے پروڈیوسر نے ان کو کام دینا بند کردیا۔


یہ  بھی پڑھیںپرکاش راج اس اندھیرے وقت میں امید کی جگمگاتی لو ہیں


اس سے پہلے پرکاش راج نے کہاتھاکہ ؛’گوری لنکیش کے قاتل اب تک پکڑے نہیں گئے ہیں اور شاید پکڑے بھی نہیں جائیں گے،اس سے بھی زیادہ افسوسناک یہ ہے کہ لوگ سوشل میڈیا پر اس قتل کا جشن مناتے ہوئے نفرت پھیلاتے رہے تھے۔ہم سب جانتے ہیں کہ وہ کون ہیں،ان کے نظریات کیا ہیں ،جو لوگ  گوری کے قتل کا جشن منا رہے تھے،ان میں سے کچھ کو وزیر اعظم ٹوئٹر پر فالو کرتے ہیں ۔ اس بات سےمجھے ڈرلگتا ہے  کہ ہمارا ملک کدھر جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ؛وزیر اعظم مودی اپنے فالوورزکی سرگرمیوں کو لے کر خاموش ہیں ،یہ اس بات کی طرف اشارہ کر رہا ہے کہ وہ مجھ سے بھی بڑے اداکار ہیں۔پرکاش راج کہتے ہیں،”وزیراعظم کی خاموشی سے ڈرلگتا ہے،کیا وہ اپنے فالووراور پیروکاروں کے ذریعے تشدد کو بڑھاوا دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ؛اس بات پر بھی اگروزیراعظم پرسکون رہتےہیں تو میں اپنے پانچوں نیشنل ایوارڈاانہیں واپس کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کروں گا۔

حالاں کہ انہوں نے بعد میں اپنے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو اپلوڈ کر کے وضاحت کی تھی  کہ میں اتنا بیوقوف نہیں ہوں کہ اپنا ایوارڈ واپس کروں گا ،یہ مجھے میرے کام کے لیے دیا گیا ہے ،البتہ گوری لنکیش کے قتل پر جس طرح کا جشن منایا گیا اور اس کے پیچھے جو طاقتیں ہیں وہ نہایت ہی شرمناک ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں وزیر اعظم کی خاموشی بھی تشویشناک ہے ۔

 (خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)

The post وزیر اعظم مودی کی مسلسل تنقید کرنے والے ایکٹر پرکاش راج نے آئندہ لوک سبھا انتخاب لڑنے کا اعلان کیا appeared first on The Wire - Urdu.